ہوٹل میں کانفرنس کیلئے زبردستی گھسنے پر اپوزیشن رہنماﺅں پر مقدمہ درج ہونے کا امکان

تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل منیجر سے واقعے سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا، یہ تمام افراد ہماری اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے اور ہال پر قابض ہوگئے، ہوٹل منیجر

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد کے ہوٹل میں قومی کانفرنس کیلئے زبردستی گھسنے پر اپوزیشن رہنماﺅں پر مقدمہ درج ہونے کا امکان، تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل منیجر سے واقعے سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا، ہوٹل منیجر نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ یہ تمام افراد ہماری اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔
تمام سیاسی رہنما ہوٹل کا گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور بعدازاں ہوٹل میں داخل ہو کر ہال پر قابض ہو گئے ہیں۔ پولیس وقوعہ سے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ لے کر روانہ ہوگئی ۔آخری اطلاعات کے مطابق اپوزیشن گرینڈ الائنس کی ہوٹل کے ریسپشن پر کانفرنس جاری تھی۔دوسری جانب اپوزیشن گرینڈ الائنس کو انتظامیہ کی جانب سے تاحال آج کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے متعدد رہنما ءہوٹل میں زبردستی داخل ہوگئے ہیں اور انہوں نے ہوٹل کی لابی پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے ہوٹل کے ریسپشن پرلابی میں کانفرنس جاری ہے اوراس سے اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنما ءوقفے وقفے سے خطاب کر رہے ہیں۔ ہوٹل کے باہر ایف سی کے دستے اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔آج اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قومی کانفرنس کے انعقاد کے موقع اپوزیشن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماوں کو نجی ہوٹل میں داخل ہونے سے روکا گیا تھا جس کے بعد وہ دیگر افراد کے ہمراہ زبردستی ہوٹل میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس روکنے کیلئے انتظامیہ نے ہوٹل کو بند کردیا تھالیکن اپوزیشن اتحاد کے کچھ رہنما گیٹ پھلانگ کر ہوٹل میں داخل ہوگئے اور انہوں نے ہوٹل کا مرکزی دروازہ اندر سے کھول دیا جس کے بعد تمام لوگ ہوٹل میں داخل ہوئے۔اپوزیشن رہنماﺅں نے لابی میں کانفرنس شروع کرنے کا اعلان کیاتھا۔ انتظامیہ نے اس سے قبل آج صبح ہی ہوٹل کو تالا لگا کر بند کردیا تھا ۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہاں کسی قسم کی کوئی کانفرنس کی اجازت نہیں ہے۔ قبل ازیںآج صبح جب اپوزیشن اتحاد کے کنوینر شاہد خاقان عباسی قومی کانفرنس میں شرکت کیلئے ہوٹل پہنچے تھے تو انہیں اندر جانے سے روک دیاگیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ یہاں کسی قسم کی کوئی کانفرنس کی اجازت نہیں ہے۔ انتظامیہ نے اس سے قبل ہی ہوٹل کو تالا لگا کر بند کردیا تھا۔