وزیراعظم شہبازشریف کا وفاقی کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ

حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری ، مصطفی کمال اور خالد مگسی کو وزارتوں کے قلمدان سونپے جانے کا امکان، نئے وزراء کی تقریب حلف برداری 27فروری کو ہونے کا امکان ہے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی حنیف عباسی اور طارق فضل چوہدری کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم کیوایم رہنماء مصطفی کمال اور رہنماء خالد مگسی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے وزراء کی تقریب حلف برداری 27 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔حنیف عباسی کو وزارت ریلوے، طارق فضل چوہدری کو وزارت قومی صحت ، مصطفی کمال کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خالد مگسی کو وزارت مواصلات کا قلمدان سونپے جانے امکان ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی وفدنے حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔
سماء نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری سے لاہور میں پیپلزپارٹی پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ جس میں سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں نے صدر آصف زرداری کو حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔جس پر صدر آصف زرداری نے کہا کہ جانتا ہوں کہ تحریری معاہدے کے نکات پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے، اتحادی حکومت کے ساتھ چلنا ہماری مجبوری ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ آئندہ بجٹ آنے تک مسائل کے حل ہونے کا انتظار کریں ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی وفد نے کہا کہ انتظامی معاملات میں پیپلزپارٹی رہنماؤں کو نظر انداز کیا جاتا ہے، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں بھی ترجیح نہیں دی جاتی۔ پیپلزپارٹی وفد نے انتخابی حلقوں کے مسائل سے بھی صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا۔