تمام سات ججز سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاءلاء افسران اور عدالتی سٹاف بھی شریک تھا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعینات ہونے والے 7 نئے ججز نے حلف اٹھا لیا، تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں پہلی بار عدالتی احاطے کے لان میں منعقد ہوئی، تمام سات ججز سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حلف لیا،تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاءلاءافسران اور عدالتی سٹاف بھی شریک تھا۔
نئے 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج کی تقریب حلف برداری میں عہدے کا حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ حلف لیا، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے حلف لیا۔
خیال رہے گزشتہ روزبتایاگیاتھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں نئے ججز کی تقریب حلف برداری کا شیڈول تبدیل کردیا گیاتھا۔نئے ججز کی تقریب حلف برداری جمعہ کو ہونابتائی گئی تھیحلف برداری کی تقریب ججز کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کی وجہ سے ملتوی کی گئی تھی۔ وزارت قانون کی جانب سے نئے ججز کے تقرر کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری کیا گیا تھا۔سابقہ شیڈول کے مطابق 6 مستقل اور ایک عارضی جج کی تقریب حلف برداری گزشتہ روز ہونا تھی۔
جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری چند روز قبل دی تھی۔ اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی بطور ایکٹنگ جج تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت قانون و انصاف جسٹس سرفراز ڈوگر کو قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے سمیت سپریم کورٹ کے 6 مستقل ججز اور ایک عارضی جج کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔
وزارت قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری کیا تھاجس کے مطابق جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین سپریم کورٹ کے جج تعینات کردئیے گئے تھے۔نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی سپریم کورٹ کے جج تعینات کر دئیے گئے تھے۔
جسٹس اعجاز سواتی مستقل چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے تقرر تک فرائض سرانجام دیں گے۔اسی طرح جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آرٹیکل 181 اور 175 اے کے تحت سپریم کورٹ کے ایکٹنگ جج تعینات کئے گئے تھے جبکہ جسٹس اعجاز سواتی قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات ہوگئے تھے۔جسٹس جنید غفار قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جبکہ جسٹس عتیق شاہ قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کئے گئے تھے۔