پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے، حملے میں 20 سے 30 دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا جس سے چوکی پر نصب تھرمل گن کو بھی نقصان پہنچا
بنوں ( نیوز ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے تھانہ ہوید میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے، حملے میں دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا جس سے چوکی پر نصب تھرمل گن کو بھی نقصان پہنچا، پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے، تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم دہشت گردوں نے بنوں کے علاقے تھانہ ہوید کی حدود میں پولیس چوکی پر حملہ کیا۔
20 سے 30 دہشت گردوں نے راکٹ لانچر اور دیگر اسلحے سے حملہ کرکے چوکی کو نشانہ بنایا۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس چوکی اور چوکی پر نصب تھرمل گن کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے کاروائی شروع کردی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکار اور محکمہ کسٹم کا ایک کارکن شہید ہو گیا تھا۔
بتایا گیاتھا کہ حملہ آوروں نے رات گئے چوکی کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک کسٹم ورکر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آوردھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس اہلکار اور کسٹم اہلکار موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دوسرے پولیس اہلکار کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
حملہ کے بعد پولیس نے علاقے میں کومبنگ آپریشن شروع کر دیا تھا۔قبل ازیں بھی شانگلہ کی تحصیل چکیسر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیاتھا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت 3 اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ تحصیل چکیسر کی گنانگر پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج اور کانسٹیبل شہید ہوگئے تھے۔
حملے میں محرر اور پولیس کانسٹیبل سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں بٹ گرام ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی میں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فضل الہٰی دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور زخمی افسران کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھاجہاں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حسن زخموں کی تاب نہ لاتے شہید ہوگیا تھا۔