سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے

سول نافرمانی کا نکتہ آغازہوگا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں ترسیلات زر نہ بھیجیں، ہم چاہتےکہ 9مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں، اگر ہم مجرم ہیں تو سزا دی جائے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے ،سول نافرمانی کا نکتہ آغازہوگا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں ترسیلات زر نہ بھیجیں،ہم چاہتے کہ 9 مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں، اگر ہم مجرم ہیں تو سزا دی جائے۔
انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی میں اگر ناکامی ہوئی تو سول نافرمانی تحریک سے متعلق بات ہوگی، سول نافرمانی تحریک کیلئے حکمت عملی تیار ہے، عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کیلئے نکات دیئے ہیں، ابھی فی الحال ورکنگ ہورہی ہے، سول نافرمانی تحریک کے نتائج بہت زیادہ پُراثر ہوں گے، سول نافرمانی کا آغازہوگا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں ترسیلات زر نہ بھیجیں، قومی خزانہ اس وقت اہم ہوتا ہے جب قوم زندہ ہو، قوم کو حقوق دستیاب ہوں، ملک میں جمہوریت موجود ہو، لیکن جس طرح موجودہ حکومت کی جانب سے فسطائیت اور ظلم کیا جارہا ہے، اس سے پاکستان میں معاشی ترقی کا بوسٹ نہیں آئے گا۔
پاکستان موجودہ حکومت کی کبھی بھی ترجیح نہیں رہا، آئی ایم ایف سے پیسے لے کر اپنی عیاشیوں پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے 9مئی سے متعلق کہا کہ اگر کسی کو ملزم یا مجرم ڈکلیئر کردیا جائے تو کبھی انکوائری کا مطالبہ نہیں کرتا، جوڈیشل کمیشن میں ججز بیٹھیں ہم خود چاہتے ہیں کہ تحقیقات کی جائیں۔ ملک کی معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام سب سے زیادہ ضروری ہے، حکومت کہتی ہے کہ ہم مجرم ہیں، ہم کہتے جوڈیشل کمیشن اگر مجرم قرار دے تو ہم سزا کیلئے تیار ہیں۔پی ٹی آئی پر الزام تھا کہ ڈائیلاگ نہیں کرنا چاہتے، امید ہے کہ دوسری سائیڈ کے لوگ مذاکراتی کمیٹی کے ڈائیلاک کریں گے۔