سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ نے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی ہے، ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو جاری مالی تعاون کا حصہ ہے۔ اسٹیٹ بینک
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان کی معیشت کیلئے سعودی عرب نے 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ مدت میں توسیع کردی ہے۔اے آروائی نیوز کے مطابق پاکستان کی معیشت کیلئے سعودی عرب نے 3 ارب ڈالرز کے ڈیپازٹ مدت میں توسیع کردی۔ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے 3ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی ہے۔
ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو جاری مالی تعاون کا حصہ ہے۔اس سے پہلے بھی دو مرتبہ توسیع ہوئی جوبرادر ممالک کے تعلقات کا عکاس ہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈیپازٹ کی میچورٹی کی تاریخ 5 دسمبر 2024 تھی۔ ڈیپازٹ کی مدت میں یہ توسیع پاکستان کے لئے مملکت سعودی عرب کی مسلسل حمایت کا تسلسل ہے جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے اور ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگی۔
3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ سے متعلق معاہدہ سب سے پہلے 2021 میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ طے پایا تھا، جس کے بعد شاہی ہدایات پر 2022 اور 2023 میں اس کی مدت میں توسیع کی گئی۔ ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی ہورہی ہے۔ دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 8 کروڑ 62لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، رقم پاکستان کو ترقیاتی قرضے کی مد میں فراہم کی جائے گی، رقم ایوی ایشن فیول کے مستحکم ذخائر بنانے کیلئے استعمال ہو گی، شیخوپورہ میں ایوی ایشن فیول کا نجی ذخیرہ قائم کیا جائے گا۔اعلامئے میں مزید کہا گیا کہ رقم انفراسٹرکچر قرضے کے سلسلے میں کلائمیٹ سپورٹ کے تحت فراہم کی جائے گی، رقم کے ذریعے ایوی ایشن انڈسٹری میں کاربن کی مقدار کم کرنے میں مدد ملے گی۔