مریم نواز بچوں کو اسکالرشپس جبکہ گنڈاپور اور بشری پیٹرول بم اور اسلحہ دے رہے ہیں

جو اسلحہ پولیس اہلکاروں کے پاس نہیں تھا وہ فتنہ پارٹی کے احتجاجی گروہ کے پاس تھا، فسادی ٹولہ غیرملکیوں اور شدت پسندوں کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ آور ہوا، وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا ردعمل

لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کے بچوں کو سکالرشپ جبکہ گنڈاپور اور بشری پیٹرول بم اور اسلحہ دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے آئینہ دکھایا تو فتنہ پارٹی کے چمچے کڑچھے طیش میں آگئے ہیں۔ مفاد پرست لوگ وفاق سے لئے گئے فنڈز کو وفاق پر حملوں میں خرچ کر رہے ہیں۔
جتھوں کی صورت میں حملہ اور ہونے والا گروہ قوم کا اصل دشمن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق پنجاب پولیس کا ہر اہلکار غیر مسلح تھا۔ اگر پنجاب پولیس مسلح ہوتی تو غیر ملکی اور شدت پسندوں کا گروہ اٹک پل کراس نہ کرتا۔ دوسری جانب ترجمان خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ہم نے تحریک طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے مگر فی الوقت حکومت سے مذاکرات نہیں ہورہے۔
شبلی فراز کے ہمراہ پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ جعلی حکومت نے ہم پر جعلی مقدمات درج کیے، مجھ پر 6 مقدمات درج ہیں، ہم نے احتجاج کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے اور جعلی حکومت کے خاتمے تک احتجاج کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جانا ہر شہری کا حق ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا واضح بیان ہے کہ احتجاج جاری ہے، دھرنا جلوس احتجاج یہ سب ایک تحریک کا حصہ ہوتا ہے اور کہیں پر بھی احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ میں ہمیشہ مذاکرات کا حامی رہا ہوں اور طالبان کے ساتھ بھی مذکرات کی بات میں نے ہی کی ہے، ہم نے تو تحریک طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے ہیں، ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن ابھی کوئی مذاکرات نہیں ہورہے عمران خان اگر اجازت دیں تو مذاکرات کریں گے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی لوگ ہمیں انتشاری کہہ رہے ہیں، یہ ٹولہ جمہوریت کی بات نہ کرے، انتشاری تو یہ لوگ ہیں انہوں نے نہتے لوگوں پر فائرنگ کی احتجاج کے دن مذاکرات جاری تھے۔