ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، جس کو ناکام بناتے ہوئے ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے؛ شہباز شریف کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس عبور کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، انتشاری ٹولے کے جاتے ہی مثبت رجحان لوٹ آیا، ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے اس سنگ میل کو عبور کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاؤں گا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے ہماری قربانی رائیگاں نہیں گئی۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد پر اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں، ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔