بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کرلیا، گورنر خیبرپختونخواہ

وہ جلد پی ٹی آئی کی چیئرپرسن بن جائیں گی، علی امین گنڈاپور ڈمی وزیراعلیٰ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ فیصل کریم کنڈی کا دعویٰ

پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخواہ کے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کر لیا، وہ جلد چیئر پرسن بن جائیں گی، علی امین گنڈاپور ڈمی وزیر اعلیٰ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں کو تنہا چھوڑنے کی روایت برقرار رکھی، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ فائنل کال مس کال ثابت ہوگی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے بچے باہر ہیں اور یہ پختونوں کے بچوں کو مروا رہے ہیں، بشریٰ بی بی نے پارٹی ٹیک اوور کرلی ہے اور وہ اب خیبر پختونخواہ میں بھی پنجاب کی کرپشن کی داستانیں رقم کریں گی۔
اسی حوالے سے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور ایک گاڑی میں بیٹھ کر کارکنوں کو بے یارو مددگار چھوڑ کر بھاگ گئے، بشریٰ بی بی کی سیاست نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا، پہلے کہا تھا اگر ڈی چوک آئیں گے تو دھلائی ہوگی گرفتاریاں ہوں گی، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں پر پٹی بندھ گئی وہ بیگم کے آگے کچھ نہیں دیکھتے، بشریٰ بی بی نے عمران خان کی سیاست پر آخری کیل ٹھونک دی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ لیڈر کہاں ہیں جنہوں نے کارکنان کو بلایا اور خود غائب ہوگئے؟ بشریٰ بی بی اور علی امین ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتے رہے، پہلے ہی کہا تھا پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج پانی کا بلبلا ہے جو ختم ہوجائے گا، علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی خیبر پختونخواہ چلے بھی جائیں تو بھی گرفتار ہوں گے، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔