لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنی جلد کل بھاگے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی ہو یا 24 نومبر ان کا احتجاج ناکام ہوا، پی ٹی آئی 5 بار احتجاج کی کال دے چکی اور ہر بار ناکام ہوئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں پنجاب سے عوام نہیں نکلے، بشریٰ بی بی گزشتہ رات احتجاج سے فرار ہوئیں، کل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو کارکنوں کی تنقید کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی گاڑی کو کل کارکنوں نے آگ لگائی، کہا جاتا رہا بشریٰ بی بی کا سیاست سے تعلق نہیں وہ کل میاں کی رہائی کے لیے بضد تھیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ احتجاج کے دوران پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، احتجاج میں پکڑے گئے افغان شہریوں کا ریکارڈ جلد سامنے آجائے گا، ان کے اپنے بچے باہر ہیں اور احتجاج میں لوگوں کے بچوں کو کھانا میسر نہ تھا۔