لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی موٹر وے بھی کھول دی گئی،راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک کی آمد ورفت شرو ع ہوگئی، لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا
لاہور( نیوز ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4 دن بعد نظام زندگی بحال ہوگئی جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھول دئیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج منسوخ ہونے کے بعدلاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی موٹر وے بھی کھول دی گئی،راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک کی آمد ورفت شروع ہوگئی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک آ اور جا سکتی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔اسی طرح رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں۔دوسری جانب موٹرویز بھی کھلنادی گئی ہے جبکہ ایم 2 لاہور تا اسلام آباد کو کھول دیا گیا۔
ایم 11 سیالکوٹ تا لاہور بھی کھل گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا۔
ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا،موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیااسی طرح موٹروے ایم3کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے 24نومبر کوہونے والے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو دوبارہ سیل کر دیا گیا تھا۔
رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے تاحکم ثانی بند کر دیا گیا تھاجبکہ داتا دربار، شالامار اور راوی روڈ پر بھی کنٹینرز رکھے گئے تھے۔رنگ روڈ کی بندش سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہر کے اندر بھی ٹریفک کے لیے مشکلات بڑھ گئیں۔ کینال نہر، فیصل ٹاون روڈ، گارڈن ٹاون، فیروز پور روڈ، گلبرگ اور مزنگ روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
حکومت نے موٹروے تا حکم ثانی 8 مقامات سے بند کردی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور تا اسلام آباد اور لاہور تا اسلام آباد موٹروے بند کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ لاہور تا عبدالحکیم M-3 ،M-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور M-11 سیالکوٹ سے لاہور تک بند رہے گی۔موٹر وے اور رنگ روڈ کی بندش سے شہریو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔
بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیرئیر لگا کر بند کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی۔ اسی طرح بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے تھے۔ لاہور رنگ بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند کی گئی تھی۔جی ٹی روڈ کو جہلم کے مقام سے بند کیا گیا ہے۔ احتجاج کے باعث لاہور میں رنگ روڈ کو 23 اور 24 نومبر کو بند کردیا گیا تھا۔