ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے صدر کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ، دونوں رہنماؤں نے پرجوش انداز میں مصافحہ بھی کیا، صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا اور پاکستان میں پر تپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اور الیگزینڈر لوکا شینکو کے درمیان ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔ ۔