پی ٹی آئی کارکن ڈی چوک پہنچ گئے‘ فوجیوں کے ساتھ سیلفیاں بنانے لگے

کارکنوں نے کنٹینرز پر چڑھ کر سکیورٹی پر مامور فوج کے اہلکاروں سے ہاتھ ملائے اور گلے ملے

اسلام آباد ( نیوزڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قافلے میں شامل کارکن بڑی تعداد میں اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق احتجاج میں شریک پی ٹی آئی کے کارکن ڈی چوک پہنچے تو پولیس اور رینجرز کے ہٹنے کے بعد فوج کے چند جوان کنٹینرز پر آ گئے اور سپیکر سے اعلانات کیے لیکن کارکنان وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگاتے آگے بڑھے اور کنٹینر پر چڑھ گئے، اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے سکیورٹی پر مامور فوج کے اہلکاروں سے ہاتھ ملائے، ان سے گلے ملے اور سیلفیاں بنانے لگے۔
بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے پی ٹی آئی کارکنن جب ڈی چوک پہنچے تو پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیل فائر کیے گئے تاہم پی ٹی آئی کارکن وہی شیل اٹھا کر واپس ان کی جانب پھینک دیتے تھے، جس پر پولیس و رینجرز کی طرف سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی لیکن کارکن پسپا نہ ہوئے جس پر فورسز کو پیچھے ہٹنا پڑگیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر سے اکثر کارکنان اور ٹکٹ ہولڈر آج اپنے شہروں سے نکلنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور اسلام آباد کے راستے میں ہیں، جو اب تک نہیں نکلے وہ اکیلی اکیلی گاڑی کو ناکوں سے گزاریں یا متبادل کچے راستے اپنائیں، سفر کے دوران سوشل میڈیا سے پرہیز کریں اور اسلام آباد پہنچ کر ہی اعلان کریں۔

قبل ازیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں، عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا تھا، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں، ہم درخواست کر رہے ہیں لوگ پر امن رہیں، یہ آپ کے بہن بھائی ہیں جو آ رہے ہیں، کارکنان ڈی چوک پہنچیں گے۔