190 ملین پاؤنڈز کیس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستوں کی بندش اور امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سماعت ملتوی کردی گئی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس اور توشہ 2 کیس کی سماعت بنا کسی کارروائی کے آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی گئی، عدالت کی جانب سے دونوں کیسز کی سماعت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستوں کی بندش اور امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملتوی کی گئی، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا نے جوڈیشل کمپلیکس میں کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 28 نومبر تک ملتوی کی جب کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کرنے والے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بھی کارروائی کے بغیر 29 نومبر تک سماعت ملتوی کر دی۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ سماعت پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں190ملین پاﺅنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی تھی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا گیا لیکن ملزمان نے 342 کا بیان جمع نہیں کرایا، عدالت نے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی کے وکیل نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی، جس پر نیب نے اعتراض کیا کہ ’بشریٰ بی بی کا میڈیکل پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا ہے جب کہ نوٹری اٹیسٹیشں اسلام آباد سے ہوئی‘، جس پر دوران سماعت عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔