پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہونے میں کامیاب

تحریک انصاف کے کارکنان نے چونگی 26 پر قبضہ کر لیا، اسلام آباد پولیس کے اہلکار موقع سے غائب ہوگئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہونے میں کامیاب، تحریک انصاف کے کارکنان نے چونگی 26 پر قبضہ کر لیا، اسلام آباد پولیس کے اہلکار موقع سے غائب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بے تحاشہ رکاوٹیں کھڑی کیے جانے اور سخت ترین سیکورٹی اقدامات اٹھائے جانے کے باوجود تحریک انصاف کا مارچ اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز تحریک انصاف کے قافلے رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد میں داخل ہوگئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اسلام آباد کے علاقے چونگی 26 پر چاروں طرف سے دھاوا بولا، اس دوران اسلام آباد پولیس کے اہلکار موقع سے غائب ہوگئے۔ اس سے قبل پیر کی دوپہر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنان اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا۔
غازی بروتھا پل پر پولیس کی جانب سے قافلے پر بدترین شیلنگ کی گئی۔ پشاور کی جانب سے آنے والے علی امین گنڈاپور کے قافلے کے شرکاء اور ہزارہ کی جانب سے آنے والے قافلے کے شرکاء نے ایک ساتھ پولیس پر دھاوا بولا جس سے پنجاب پولیس پسپا ہو گئی۔ ہزارہ انٹر چینج پر عمر ایوب کے قافلے نے پنجاب پولیس کو پیچھے دھکیلا جس کے بعد علی امین ہزارہ ڈویژن کے قافلے کو پنجاب پولیس کے حصار سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
تصادم کے دوران پنجاب پولیس کے کئی اہلکار تحریک انصاف کے کارکنان کے ہتھے چڑھ گئے، اس موقع پر وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے آگے بڑھ کر پولیس اہلکاروں کو چھڑوایا۔ ہزارہ ڈویژن کے قافلے کے مرکزی قافلے میں شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کا قافلہ کئی کلومیٹر طویل ہو گیا۔