مظاہرین کی جانب سے ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے، یہ کون سا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال کیے جارہے ہیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تحریک انصاف کی فائنل کال پر کہنا ہے کہ احتجاج کی بجائے یہ تحریک مسلح دہشت گردی کی کاوش ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس پی، ڈی ایس پی سمیت 20 سے زائد پولیس اہلکاروں کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے، غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر فائرنگ کی گئی، مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو اور ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے، مظاہرین کی جانب سے ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کو پہلے بھی تصادم سے بچنے کے لیے غیر مسلح رکھا گیا تھا لیکن پچھلے احتجاج میں بھی ایک کانسٹیبل شہید اور 25 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے، یہ کون سا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال کیے جارہے ہیں، احتجاج کی بجائے یہ تحریک مسلح دہشت گردی کی کاوش ہے۔