پی ٹی آئی قیادت کی اچانک عمران خان سے ملاقات، مذاکرات کی تصدیق کردی

بانی پی ٹی ائی سے اہم ملاقات ہوئی، مذاکرات چل رہے ہیں، جو بھی بات ہوگی وہ بتائیں گے؛ بیرسٹر گوہر کی گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی، مذاکرات چل رہے ہیں، جو بھی بات ہوگی وہ بتائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر علی خان اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف کی تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات ختم ہوگئی، اچانک ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی، ملاقات کے بعد دونوں رہنماء اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ’میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، عمران خان کی احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاج کال آف والی ابھی کوئی بات نہیں ہے‘، اس دوران جب صحافی نے پوچھا کہ ’مذاکرات جو چل رہے ہیں ان کا کچھ بتا دیں؟‘، اس کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے مزاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’مذاکرات چل رہے ہیں جو بھی بات ہوگی وہ بتائیں گے‘۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پلان کے تحت پیش قدمی کررہے ہیں، ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے، جعلی حکومت مطالبات پورے ہوئے بغیر احتجاج کے خاتمے کا نہ سوچے، جعلی حکومت پولیس کے لیے کئی دن کی خوراک کا بندوبست کرلے، حکومت کے پاس گھڑیاں ہیں لیکن وقت ہمارے پاس ہے، درباری وزرا جتنی پریس کانفرنسیں کرلیں ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت عوام کے نہ نکلنے کے دعوے کررہی ہے اور دوسری جانب کنٹینرز کے پہاڑ کھڑے کردیے گئے ہیں، پورے پاکستان کے کنٹینرز اسلام آباد پہنچا دیے گئے ہیں، ریسٹورنٹس اور لاری اڈے تک بند کروا دینا حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے کیوں کہ علی امین کی سربراہی میں عوام نے اس بار عمران خان کی رہائی کی مکمل ٹھان لی ہے، ہم اپنے پلان کے تحت پیش قدمی کر رہے ہیں ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔