اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کی نامزدگی کر دی۔ سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کیلئے 9 ججز کی نامزدگی کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئینی بینچز کی تشکیل کے لیے جوڈیشل کمیشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا، آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کے حق میں 11 ووٹ آئے۔ جسٹس منصور علی شاہ جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس کے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال اور محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہو گی۔
آئینی بینچز کے لیے نامزد ججز میں جسٹس ذوالفقار علی سانگی ، جسٹس ارباب علی ، جسٹس یوسف علی سید ، جسٹس خادم حسین سومرو ، جسٹس ثنا منہاس اکرام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے تمام ججز کو 24 نومبر تک آئینی بینچ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔