پی ٹی آئی کا احتجاج دوسرے روز میں داخل‘ قافلوں کا اسلام آباد کی جانب سفر جاری

علی امین گنڈاپور کی زیر قیادت صوابی سے روانہ ہونے والا پی ٹی آئی کا بڑا قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوا تو اٹک پل، چھچھ انٹرچینج اور غازی بروتھا نہر پر پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا اور مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں کا اسلام اباد کی جانب سفر جاری ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی قیادت میں احتجاجی قافلے پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کیلئے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، علی امین گنڈاپور کی زیر قیادت صوابی سے روانہ ہونے والا پی ٹی آئی کا بڑا قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوا تو اٹک پل، چھچھ انٹرچینج اور غازی بروتھا نہر پر پولیس نے شدید شیلنگ کی، تحریک انصاف نے پنجاب کی حدود میں قافلے داخل ہونے کے بعد حکمت عملی تبدیل کی اور ٹیکسلا پہنچنے والے ہزارہ ڈویژن کے قافلوں کو بذریعہ جی ٹی روڈ واپس موٹروے برہان ریسٹ ایریا پر پہنچ کر علی امین گنڈاپور کے قافلے میں شامل ہونے کی ہدایت کردی۔
بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر قیادت قافلہ ٹیکسلا پہنچا تو چیک پوسٹ پر پولیس نے قافلے پر شیلنگ کی تاہم پی ٹی آئی کارکنان کی پیش قدمی پر پولیس پیچھے ہٹ گئی، ہزارہ ہری پور سے عمر ایوب کی قیادت میں آنے والا بڑا قافلہ گانگو باہتڑ پر پولیس رکاوٹ کو عبور کرکے پنجاب کی حدود میں داخل ہوا، ٹیکسلا سے تیمور مسعود کی قیادت میں پی ٹی آئی کا ایک اور قافلہ عمرایوب کے قافلے میں شامل ہوگیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر اور رہنما زین قریشی کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا، دونوں رہنماؤں کو قادرپوراں ٹول پلازہ ملتان سے حراست میں لیا گیا، راولپنڈی پولیس نے امیدوار این اے 52 کرنل اجمل صابر راجہ اور ایم پی اے پی پی 11 کو گرفتار کرلیا، فیصل آباد سے 75 کارکنان گرفتار کیا گیا ہے، 20 گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا جن میں 16 کاریں اور 4 کوسٹرز شامل ہیں جب کہ فیض آباد انٹرچینج کے قریب پہنچنے والی چند افراد کی ٹولی کو پولیس نے منتشر کر دیا، پولیس کو اپنی جانب بڑھتا دیکھ کر جمع ہونے والے ورکرز سوہان کی جانب چلے گئے، کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے فیض آباد پل کے قریب وفاقی پولیس نے شیلنگ بھی کی۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج تمام تعلیمی ادارے بند ہیں، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، جس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں پر کیا گیا ہے، اسی طرح ضلع مری کے بھی تمام تعلیمی ادارے آج بند ہیں، تعلیمی اداروں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔