موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے؛ محسن نقوی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک پر آئے گا اسے گرفتار کریں گے۔ اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار کسی صورت قبول نہیں، حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، انتشارپھیلانے والوں کوگرفتار کیا جائے گا، صرف خیبرپختونخواہ سے احتجاجی جلوس آرہے ہیں، پنجاب میں کوئی ریلی نہیں ہے، موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت سب سے زیادہ ضروری ہے، جب بھی کوئی غیرملکی وفد آتا ہے تو احتجاج ہوتے ہیں، غیرملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار پسندی کسی صورت قبول نہیں، اسی لیے فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے اور جو کوئی بھی انتشار پھیلانے آئے گا اُسے گرفتار کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں، اس لیے سڑکیں اس مرتبہ ویسے بند نہیں کی گئیں جیسے پچھلی مرتبہ کی گئی تھیں، غیرملکی وفد کچھ دیر میں اسلام آباد پہنچنے والا ہے، غیرملکی مہمانوں کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے، احتجاج کرنا ہے کریں مگر ان کی ذہنیت دیکھیں کہ آپ کو پتا ہے غیرملکی مہمان کس وقت آرہے ہیں اور آپ اسی وقت متعلقہ روٹ پر آکر پتھراؤ کررہے ہیں۔