ملتان کے اہم چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جب کہ گھنٹہ گھرچوک کو سیل کردیا گیا
ملتان ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی احتجاج کے لیے جانے والے اراکینِ قومی اسمبلی عامر ڈوگر، زین قریشی اور متعدد رہنماؤں کو گرفتارکرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظرملتان میں بھی پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور تحریکِ انصاف کے کارکنوں سمیت دو اراکینِ قومی اسمبلی، دو اراکینِ صوبائی اسمبلی اور 12 سے زیادہ پارٹی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا، گرفتار کیے جانے والوں میں اراکینِ قومی اسمبلی زین قریشی، عامر ڈوگر، معین الدین ریاض قریشی اور وسیم بادوزئی کا نام شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملتان کے اہم چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جب کہ گھنٹہ گھرچوک کو سیل کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، کاروباری سرگرمیوں میں بھی خلل پیدا ہوا ہے، گھنٹہ گھر چوک میں میڈیسن مارکیٹ کے عہدیداروں کی دکانیں بند کروا دی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائےگا، امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔