پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ، میٹرو بس سروس اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24نومبر بروز اتوار کو احتجاج کی کال پر اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات سخت کر دئیے گئے ،ریڈزون جانے والے تمام راستے سیل ،اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز کو تعینات کر دیاگیا، ایران ایونیو مارگلہ روڈ دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بلاک کر دی گئی ہے،ایکسپریس وے، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں۔
میٹرو بس سروس اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی جبکہ جڑواں شہروں میں کل میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند ہو گی۔پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں رکھے گئے کنٹینرز پر بھی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
پولیس ، ایف سی ، پنجاب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ڈی چوک پر تعینات کردی گئی۔
بتایاگیا ہے کہ پی ٹی احتجاج سے نمٹنے کیلئے پنجاب سے 19 ہزار، سندھ سے 5 ہزار پولیس نفری کی شہر اقتدار آمد ہوئی ہے جبکہ آزاد کشمیر سے ایک ہزار، 5 ہزار ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ تمام نفری امن و امان کی صورتحال میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی۔سرینگر ہائی وے کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز لگا بند کر دیا گیا جبکہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے راستے ٹی کراس پر کنٹینرز لگا دئیے گئے ہیں۔
ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے آئی اے انٹری پربھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ گولڑہ موڑ جی ٹی روڈ پر جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ چھبیس چونگی پل اور اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ نیو مارگلہ روڈ کو ایک الیون کے مقام پر کنٹینرز سے سیل کردیا گیا۔
ایران ایونیو کو ڈی 12 کے مقام پر بند کیا گیا ہے جبکہ ایکسپریس وے کو سرینگر ہائے وے سے ملانے والا راستہ زیرو پوائنٹ سے بند ہے۔ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ بھی مختلف مقامات سے بند ہے۔دوسری جانب موٹروے تا حکم ثانی 8 مقامات سے بند کردی گئی۔حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور تا اسلام آباد اور لاہور تا اسلام آباد موٹروے بند ہو گی۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ لاہور تا عبدالحکیم M-3 ،M-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور M-11 سیالکوٹ سے لاہور تک بند رہے گی۔