اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) رہنما مسلم لیگ ن و سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان سے مفاد کی خاطر ملک کا مستقبل داؤ پر لگایا گیا۔ ایک ویڈیو پیغام میں سینیٹر طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، کل والے بیان پر انہیں شرم آنی چاہیے، جہاں آپ ننگے پاؤں جاتے تھے وہاں سے جیبں بھر بھر کر لاتے تھے، سعودی عرب آپ کو پسند نہیں تھا تو ان سے تحفے کیوں لیے، اگر وہ ٹھیک نہیں تھے ان کے ڈرائیور کیوں بنے؟
انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر بیانیہ بنانا آپ کی عادت ہے، جھوٹ کا بیانیہ سائفر، آئی ایم ایف اور کبھی چائنہ کی شکل میں بنایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے چائنہ اور اس کے منصوبوں پر کرپشن کا الزام لگایا، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، یہ پاکستان کے دوست ملک کو ہی ٹارگٹ کیوں کرتے ہیں۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 35 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں، چائنہ پر الزام لگایا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت برباد ہو، آپ اپنی رہائی کیلئے ہر چیز تباہ کرنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے عہدوں کا غلط استعمال کیا، آپ آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کہ ملک کی معیشت بیٹھ جائے، یہ کھیل جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی کی مشاورت کے بعد کھیلا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کے پاس بہت ساری آپشنز ہیں، کسی صوبے کو وفاق پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، یہ چاہتے ہیں پاکستان پھر دیوالیہ کا شکار ہوجائے، قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج ہر کسی کا حق ہے، ملک کا امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، خیبرپختونخوا کو ڈھیل ایک حد تک دی گئی ہے۔