توشہ خانہ ٹو کیس،عمران خان کی ضمانت منظور،رہا کرنے کا حکم

عدالت نے 10،10 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلا م آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمرن خا ن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے 10،10 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے محفوظ فیصلہ سنا دیا،دریں اثناءاحتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں اور طبی بنیاد پرحاضری سے ایک روزہ استثنی کی درخواست دائرکردی۔
ملزمان نے آج بھی 342کے تحت جاری سوالناموں پر جواب داخل نہیں کروائے ، نیب پراسیکیوشن ٹیم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا ، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنا پلیڈر بھی مقرر نہیں کیا گیا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ریفرنس کو تاخیر کا شکار کرنے کیلئے ہے ، ملزمان کی جانب سے 342 کے سوال نامہ کے جواب بھی نہیں دیے گئے۔

نیب پراسیکوٹر کاکہنا تھا کہ ملزمان نے16 گواہوں کی طلبی سے متعلق جو درخواست دی ہے اس پر بھی بحث نہیں کی جا رہی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔قبل ازیںہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی استدعا خارج کردی تھی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت استدعا خارج کر دی تھی۔دورانِ سماعت محکمہ داخلہ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔