احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے پورا زور لگائیں گے اورچاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹیں گے، 24 نومبر کے احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود دی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا مختلف اجلاسوں سے خطاب
پشاور( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پورکا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دی گئی 24نومبر کی کال فائنل اور فیصلہ کن ہے ،، تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا، احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے پورا زور لگائیں گے اورچاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعلی ٰخیبرپختونخواہ کی زیر صدارت پارٹی عہدیداروں اور صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور تنظیمی عہدیداران کا مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں 24 نومبر کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپورنے مزید کہا کہ پہلے کی طرح 24 نومبر کا احتجاج بھی کامیاب رہے گا اور ہم اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے تمام پارلیمنٹیرینز اور دیگر پارٹی قائدین اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی تنظیموں، ورکرز اور عوام کو پوری طرح متحرک کریں اور عوام کو اس احتجاج میں شرکت کیلئے تیار کریں۔عوام کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا جائے اور آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونے کیلئے انہیں آمادہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یونین کونسلز کی سطح پر پارٹی کی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں اوراحتجاج کیلئے زیادہ سے زیادہ عوام کو نکالنے اور اسلام آباد تک پہنچانے کیلئے تمام تیاریوں اور انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پورنے ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور اور ساوتھ ریجنز کے پارلیمنٹیرینزاوردیگر پارٹی قائدین کے الگ الگ اجلاس منعقد کئے جہاں 24 نومبرکے احتجاج کیلئے انتظامات اور لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی گئی۔
24 نومبر کے احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود دی ہے، یہ فائنل اور فیصلہ کن کال ہے ہم سب کو اس دن ہر صورت گھروں سے نکلنا ہوگا اور اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی۔ اب ہماری جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ ہم کسی صورت اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ہماری جدوجہد اصولوں کے مطابق جاری رہے گی ۔ اس حکومت کی فسطائیت کیخلاف عوام 24نومبر کو ہر صورت اپنے گھروں سے نکلیں گے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک ہم اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔