حافظ نعیم الرحمان کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 67 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی، حکومت پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے تک کمی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 60 روپے فی لیٹر اضافی ٹیکس ناجائز ہے، اس ٹیکس کے خاتمے سے معاشی سرگرمی بڑھے گی۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری میں ناکامی کا غصہ عوام پر نہ اتارے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔