حکومت کی آئی پی پیز پر مہربانیاں جاری

معاہدے ختم کرنے کے باوجود 5 آئی پی پیز کو اربوں روپے ادا کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت کی آئی پی پیز پر مہربانیاں جاری، معاہدے ختم کرنے کے باوجود 5 آئی پی پیز کو اربوں روپے ادا کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی پی پیز کو حتمی تصفیہ کے طور پر 72 ارب روپے ادائیگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی طرف سے 5 آئی پی پیز کو واجب الادا ادائیگیوں پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت آئی پی پیز کو حتمی تصفیہ کے طور پر 72 ارب روپے کی ادائیگیاں کرے گی، آئی پی پیز کو ادائیگیوں میں لیٹ پیمنٹ سرچارج شامل نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق حکومت حب کو کو ساڑھے 36 ارب روپے، روش پاورکو ساڑھے 15 ارب روپے، لال پیر پاور کمپنی کو 12 ارب 80 کروڑ روپے، اٹلس پاور لمیٹڈ کو ساڑھے 15 ارب روپے اور صبا پاور کو 6 ارب روپے کی ادائیگیاں کرے گی۔
ان آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کا اطلاق یکم اکتوبر 2024 سے کیا جائے گا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے کیپسٹی پیمنٹس کے نام پر نجی پاور کمپنیوں کو کھربوں روپے کی ادائیگیاں کیے جانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ اس حوالے سے ہوشربا ناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 33 آئی پی پیز نے 9 کھرب 79 ارب سے زائد رقم بٹوری۔
وزارت پانی و بجلی کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں جمع کروائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں 33 آئی پی پیز کی طرف سے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں تقریباً 1 ہزار ارب روپے کی بھاری وصولیاں کی گئیں۔ 33 آئی پی پیز نے 9 کھرب 79 ارب 29 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کیے۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ آئی پی پیز نے جولائی 2023 سے جون 2024 تک کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں رقم وصول کی۔
یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ صرف 8 آئی پی پیز کو 700 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ یہ تمام آئی پی پیز کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے والی آئی پی پیز ہیں۔ کوئلے سے چلنے والی 8 آئی پی پیز نے 7 کھرب 18 ارب کیپسٹی پیمنٹس مد میں وصول کیے، گیس سے چلنے والی 11 آئی پی پیز نے کیپسٹی پیمنٹس مد میں 72 ارب 63 کروڑ روپے وصول کیے، پن بجلی سے چلنے والی 3 آئی پی پیز نے 106 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں وصول کیے، جبکہ فرنس آئل سے چلنے والی 11 آئی پی پیز نے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 81 ارب 60 کروڑ جھولی میں ڈالے۔
چائنہ پاور حب جنریشن کمپنی نے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 137 ارب وصول کیے۔ ہیونخ شندوم انرجی نے 113 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹس مد میں وصول کیے، پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی نے کیپسٹی پیمنٹس مد میں 120 ارب 37 کروڑ روپے وصول کیے۔