اسلام آباد: ( نیوزڈیسک ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا۔ لاہور میں غیرحتمی نتیجے کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے رؤف عطا نے 558 اور حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ نے 484 ووٹ حاصل کئے اور یوں عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار رؤف عطا نے کامیابی حاصل کی۔
ملتان سے غیرحتمی نتیجے کے مطابق انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار میاں محمد رؤف عطا نے 125 ووٹ لئے جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 85 ووٹ لے سکے اور انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار نے 40 ووٹوں کی لیڈ سے میدان مارلیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اسلام آباد میں بھی انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار میاں محمد رؤف عطا آگے رہے، پروفیشنل گروپ کے منیر کاکڑ دوسرے نمبر پر رہے۔
عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میاں رؤف عطا نے غیرحتمی نتیجے کے مطابق پورے خیبرپختونخوا میں کلین سویپ کیا اور پشاور سمیت پانچ پولنگ سٹیشنز پر میاں رؤف عطا نے 44 ووٹ کی برتری سے کامیابی حاصل کرلی۔
پشاور سے انڈیپنڈنٹ گروپ (عاصمہ جہانگیر گروپ) کے میاں محمد رؤف عطا 127 ووٹ لیکر جیت گئے، غیرحتمی نتیجے کے مطابق حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ کو 123 ووٹ ملے اور میاں محمد رؤف 3 ووٹوں کی لیڈ سے جیت گئے۔
خیبرپختونخوا کے شہر بنوں سے صدارتی امیدوار عاصمہ جہانگیر گروپ میاں محمد رؤف عطا 21 ووٹ لے کر جیت گئے، حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 10 ووٹ لے سکے، میاں رؤف عطا نے ایبٹ آباد سے 7، بنوں سے 11، ڈی آئی خان سے 14، سوات سے 8 اور پشاور کے پولنگ سٹیشن سے 4 ووٹوں کی برتری سے کامیابی سمیٹ لی۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان سے میاں محمد رؤف عطا 25 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 11 ووٹ لے سکے، سوات سے بھی صدارتی امیدوار عاصمہ جہانگیر گروپ کامیاب ہوا جہاں میاں محمد رؤف عطا نے 20 اور منیر کاکڑ نے 12 ووٹ لئے۔
حیدرآباد سے بھی غیرحتمی نتیجے کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میاں محمد رؤف عطا نے 50 ووٹ لئے کر کامیابی حاصل کی جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 34 ووٹ لے سکے اور انہیں 16 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سپریم کورٹ بار کے نو منتخب صدر میاں رؤف عطا اور گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارک دی، وزیراعظم نے کہا کہ وکلا 26 ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں گے، وکلا برادری نے رؤف عطا کی صورت میں بہترین قیادت کا انتخاب کیا، امید ہے نومنتخب عہدیداران وکلا کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
گروپ کے سربراہ احسن بھون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، پارلیمان کو آئین بنانے کا حق ہے۔
سپریم کورٹ بار کے نو منتخب صدر میاں رؤف عطا نے کہا کہ کالے کوٹ کی عزت پر حرف نہیں آنے دیں گے۔