ہمشیرگان عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ نہ ہوا، سماعت25اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔ درخواست گزار کے وکیل سلمان صفدر نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے سن رہا ہوں ریکارڈ نہیں آیا، آپ کے ہوتے ایسا ہونا اچھا نہیں لگتا۔

وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ختم ہوگئی، آپ نےکہا ملک کو آگے بڑھنے دیں، ملک آگے بڑھ گیا، 600 افراد کا کیس ہے، کوئی سائفر کا کیس تو نہیں، دونوں خواتین ہیں سازش کا کوئی گواہ نہیں، الزام عمومی ہے۔

جج نے پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیس کا ریکارڈ کدھر ہے؟ کیا مسئلہ ہے؟ جس کے جواب میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ نہیں ہے، میں ریکارڈ دیکھ کر ہی دلائل دے سکتا ہوں۔ پراسیکیوٹر کی دلائل مکمل نہ ہونے پر سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔