اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) عدالت نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔ جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی، پی ٹی آئی وکلاء سردار مصروف و دیگر عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی جبکہ فیصل جاوید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔
بعدازاں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔