پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک بن گیا ہے، فیصل واوڈا کا دعویٰ

سیاسی جماعتوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نو مئی کی اس پارٹی سے بات کرنے کی ضرورت نہیں؛ سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ آج کی بڑی خبر دینے جارہا ہوں کہ پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک بن گیا ہے، اس کو ایک زیرک سیاستدان ہیڈ کرے گا، میں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی طرح پی ٹی آئی پاکستان بھی بنے گی۔ پارلیمنٹ میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے آپ سمجھ جائیں کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے پھر بھاگ گئے، ہر سیاسی جماعت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نو مئی کی اس پارٹی سے بات کرنے کی ضرورت نہیں، یہ سارا سیٹپ تھا سارا پلان کا حصا تھا پاکستانی قوم کو پتا ہونا چاہیئے، اگر اپوزیشن تھی تو اس ترمیم کے خلاف ووٹ دے دیتے۔
آئینی ترمیم کے حوالے سے سینیٹر فیصل واوڈا نے مخالفین پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ترمیم کے بعدکیک اور باقی سب دھول کھائیں گے، جو آتا ہے بسم اللہ ورنہ تعداد سے زیادہ نمبرز موجود ہیں، 26 ویں ترمیم کیلئے نمبر بھی پورے اور نمبری بھی پورے ہیں، کیبنٹ میں آج یہ معاملہ مکمل ہورہا ہے، پی ٹی آئی کے بکاؤ مال پی ٹی آئی کو بیچ چکے ہیں، 26 ویں ترمیم ٹھوک بجا کر ہونے جارہی ہے اور خوشخبریاں 26 ویں ترمیم کے بعد بھی آئیں گی، عمران خان کے لیے کوئی ریلیف نہیں دیکھ رہا، عدالتوں کے جتنے فیصلے آتے ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، میں مطمئن ہوں اور اب تک جتنی باتیں کہی ہیں اس پر کھڑا رہا ہوں۔