وفاقی حکومت کی عوامی مسائل حل کرنے کی نیت نہیں: بیرسٹر سیف

پشاور: ( نیوز ڈیسک ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ موجود وفاقی حکومت کی عوامی مسائل حل کرنے کی نیت نہیں۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مخلص قیادت میں جمرود جرگہ بطریق احسن ہوا، علی امین گنڈاپور نے سیاسی اتفاق رائے قائم کیا جبکہ وفاقی حکومت نے انتشار پھیلایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حقیقی لیڈر کا کردار نبھا کر صوبے اور ملک کو ایک بحرانی کیفیت سے نکالا۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایک مخلص لیڈر کی طرح علی امین گنڈاپور نے اپنے مخالفین کو بھی ساتھ بٹھایا، موجودہ وفاقی حکومت محاذ آرائی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، مسائل کے حل کی نیت نہیں۔