کراچی: ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ، 2 چینی انجینئرز سمیت 3 افراد ہلاک، 17 زخمی

کراچی: ( نیوز ڈیسک ) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2 چینی انجینئرز سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں12 گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے، دھماکے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ دھماکے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں، ہلاک اور زخمیوں ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں خاتون، 3 سکیورٹی، 2 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار، غیر ملکی اور دیگر افراد شامل ہیں، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کئے۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے دہشت گردوں نے نشانہ ایک کار کو بنایا ہے جس میں غیر ملکی سوار تھا جو زخمی ہوا ہے۔

ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ہر طرح سے تفتیش کی جارہی ہے، واقعہ کے بعد صوبائی وزیرداخلہ، آئی جی سندھ ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیئے۔