مسلم افواج اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کریں: حافظ نعیم الرحمان

کراچی:( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ مسلم افواج اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کریں۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے اہل غزہ و لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے شاہراہ فیصل پر ’لاقصیٰ ملین مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ’الاقصیٰ ملین مارچ‘ کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عصبیت و لسانیت، مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے اسے ناکام بنایا جائے، اتفاق کے نکات اختلاف سے زیادہ ہیں، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس اور یوم یکجہتی فلسطین کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کانفرنس میں صرف زبانی جمع خرچ نہ کیا جائے بلکہ مسلم حکمرانوں کا اجلاس بلایا جائے جس میں مسلم ممالک کے افواج کے سربراہان کو بھی دعوت دی جائے اور اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد و یکجہتی اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا، اسرائیل نابود و برباد ہوکر رہے گا، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے،قائد اعظم کے فرمان کے مطابق بھی اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اسے کسی طور پر بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے تاریخی اور کامیاب ملین مارچ کیا۔ 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا، پورے ملک کے عوام گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں و طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ 7 اکتوبر کو فلسطین سے یوم یکجہتی کا دن منایا جائے، یوم یکجہتی فلسطین کی کال جماعت اسلامی نے دی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان کے عوام بلا تفریق رنگ و نسل 12 بجے نکل کر یوم یکجہتی غزہ منائیں گے۔ اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔

حماس کے رہنما وترجمان خالد قدومی نے کہاکہ ایک سال سے زائد اہل غزہ و فلسطین جنگ کا شکار ہیں۔ 45 ہزار سے زاہد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں اور ہزاروں فلسطینی شدید زخمی ہیں، حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔

حماس رہنما نے کہا ایک سال سے زائد عرصے کے باوجود حماس کے مجاہدین پر عزم ہیں۔حماس کے مجاہدین روانہ اسرائیلی آرمی کو جہنم واصل کررہے ہیں۔امریکہ، برطانیہ، فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ اسرائیل کے بارے میں مشہور تھا کہ انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کے سارے غرور کو خاک میں ملادیا ہے۔