حکومت قرض لینے کیلئے بے چین نہیں ہے ،جب ہم نے قرض لینا ہوگا تو اپنی شرائط پر لیں گے، پائیدار معاشی استحکام کیلئے بنیادی اصلاحات ناگزیرہیں، ہماری معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، وفاقی وزیر خزانہ کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی میں ہماری توقعات سے زیادہ کمی آئی ہے، پائیدار معاشی استحکام کیلئے بنیادی اصلاحات ناگزیرہیں، ہماری معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، یہ ہمارا آخری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) پروگرام اس صورت ہوگا جب ہم بنیادی اصلاحات کریں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان اکنامک ڈیش بورڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہناتھاکہ حکومت قرض لینے کیلئے بے چین نہیں ہے۔ جب ہم نے قرض لینا ہوگا تو اپنی شرائط پر لیں گے۔ معاشی ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مہنگائی کی شرح مسلسل کمی ہورہی ہے۔ ملک میں ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں اضافہ کرنا ہے، پائیدار معاشی استحکام کیلئے بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی۔
اگر ہم اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہیں تو ہماری معیشت استحکام کی حالت سے ترقی کی طرف جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بینکنگ سیکٹربہتری کی جانب گامزن ہے۔ حکومت پالیسی فریم ورک دے گی۔ بینکنگ سیکٹر سرمایہ کاروں کوسہولیت فراہم کرےگا۔ملک میں میکرو اکنامک استحکام آگیا ہے۔ سٹرکچر ریفارمز کے ذریعے میکرو اکنامک استحکام کو برقراررکھنا ہوگا۔
ملک میں اس وقت جو معاشی استحکام آیا ہے ہمیں اس کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بنیادی اصلاحات کریں کیونکہ یہ ہمارے ملک کی بنیادی ضرورت ہے۔ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں اضافہ کرنا ہے، پائیدار معاشی استحکام کیلئے بنیادی اصلاحات لاناہوں گی۔ انہوں نے ملک میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ملک میں تمام ڈیٹا موجود تھا لیکن اسے درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا اور اگر ہم اس پر کام کرتے ہیں تو ہمیں بہتر نتائج موصول ہونا شروع ہوں گے۔
زراعت میں گندم اور گنے کی سپورٹ پرائس کا نظام مرحلہ وار ختم کیا جائے گا ۔ پی ایس ڈی پی کے کچھ منصوبوں میں صوبے اپنے حصے کا بوجھ اٹھائیں گے۔ ایگری کلچر انکم ٹیکس کے نفاذ کا طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے۔پچھلے مالی سال میں معاشی استحکام آیا۔ کریڈٹ ریٹنگ مستحکم ہوئی ۔ شرح سود بھی کم ہوتی جائے گی ۔ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے ، سٹیٹ بینک اوپن مارکیٹ آپریشن کر رہا ہے یہ بہت ضروری ہے۔