ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی جو سوا گھنٹہ جاری رہی‘ملاقات میں پارٹی کی احتجاجی تحریک‘ ملکی وپارٹی سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی.رپورٹ
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کے بارے میں مشاورت کی گئی نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل پہنچے، علی امین گنڈا پور گیٹ 5 سے جیل کے اندر روانہ ہو گئے.
عمران خان کی بہن علیمہ خان‘ جمشید برکی‘ سلمان اکرم راجہ اورشیخ محمد سلمان ایڈووکیٹ بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے ملاقات کانفرنس روم میں کرووائی گئی جو سوا گھنٹہ جاری رہی ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی وپارٹی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی ملاقات میں 28 ستمبر کے راولپنڈی احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد ڈی چوک احتجاج کے بارے میں مشاورت کی گئی بعد ازاں علی امین گنڈاپور صحافیوں سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہو گئے.
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ”عدلیہ کی آزادی“ کے لیے ملک گیر احتجاج کی تازہ کال دی ہے عمران خان سے منسوب اعلان کے مطابق 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت میں عوامی اجتماعات، جلسوں پر مکمل پابندی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے.
امن عامہ ایکٹ 2024 کے تحت کوئی بھی پارٹی جو احتجاج کرنا چاہتی ہے وہ ایک ایونٹ کوآرڈینیٹر مقرر کرے جو مقررہ تاریخ سے 7 دن پہلے اجتماع منعقد کرنے کی اجازت کے لیے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھے گا قانون کے مطابق درخواست کی وصولی کے بعد ضلع مجسٹریٹ امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس رپورٹس حاصل کرے گا اور اس کے بعد اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گا یہ قانون وفاقی حکومت کو یہ اختیار بھی دیتا ہے کہ وہ اسلام آباد کے ایک مخصوص علاقے کو ”ریڈ زون“ یا ”ہائی سیکیورٹی زون“ کے قراردے کر اس طرح اس علاقے میں ہر قسم کی سرگرمیوںپر پابندی لگا دی جائے.