بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، ہمیں عمران خان کی رہائی کیلئے اپنا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے اور اس فسطائیت کو ختم کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،عمران خان نے آج کہا ہے کہ احتجاج کبھی روکا نہیں جاتا اور نہ ہی راولپنڈی میںاسے رکنا چاہیے تھا،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ اگر ہم پرامن احتجاج نہیں کریں گے تو وہ عمران خان کو باہر آنے کے بجائے فوجی جیل میں بھی ڈال سکتے ہیں۔
ہمیں عمران خان کی رہائی کیلئے اپنا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کی سالگرہ والے دن لاہور میں بھی مینار پاکستان پر احتجاج ہوگا۔
راولپنڈی کے عوام اپنی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے پرامن احتجاج کیلئے نکلے تھے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا راولپنڈی احتجاج میں شرکت کیلئے آنے والا قافلہ بہت بڑا تھا اس پر فائرنگ کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے۔
پرامن لوگوں پر گولیاں اور لاٹھیاں برسائی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی اور عدلیہ آزاد چاہیے۔ ہمارا احتجاج جاری رہے گا یہ نہیں رکے گا نہیں اس کے علاوہ ہمارے پاس بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کا کوئی اورراستہ نہیں ہے۔علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملتان ،فیصل آباد،میانوالی اور بہاولپور میں احتجاج ہورہا ہے۔
پرامن احتجاج لوگوں کا آئینی حق ہے اسے کوئی بھی روک نہیں سکتا۔آئین و قانون بھی ہمیں پرامن احتجاج کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔ یہ لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ ہمیں جلسوں اور احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ۔ہمارے پرامن احتجاج کے موقع پر جان بوجھ کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تاکہ عوام اپنے لیڈر کیلئے آواز بلند نہ کرسکیں۔راولپنڈی میںاحتجاج کے دوران ہمارے سامنے پولیس نہیںبلکہ کالے کپڑوں میں کوئی سپیشل یونٹ تھا جو لوگوں پر ربڑ کی گولیوں کی بوچھاڑ کررہا تھا۔ وفاق میں 17اور پنجاب میں 25 سیٹوں کی حکومت خوفزدہ ہے انہیں ڈر ہے کہ ان کی چوری نہ پکڑی جائے اسی لئے یہ لوگ ہمارے خلاف ایسی ظالمانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔