اسلام آباد:( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کا پانچ سال کے لیے بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم کے دفترسے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جے یو آئی (ف) ہمیشہ عوام کی بہترین نمائندگی کرتی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے جے یو آئی (ف) کے صدر کی حیثیت سے انتخاب سے جمہوری اقدار کو فروغ ملے گا، ملک میں پارلیمان کی بالادستی کے قیام میں مولانا فضل الرحمان کا انتہائی اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جمیت علمائے اسلام (ف) ملک میں جمہوریت کی بالا دستی اور فروغ کے لیے بہترین کام کرے گی۔
اعلامیہ میں محمد شہباز شریف کا مزید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت اور وژن بلاشبہ جمعیت علمائے اسلام کو مزید بلندیوں کی طرف لے جائے گی، وزیر اعظم نے مولانا غفور حیدری کو بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔