آئینی ترمیم تو ضرور ہوگی، مولانا صاحب قابل احترام ہیں، ہمیں امید ہے وہ آئینی ترمیم میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر سندھ کی میڈیا سے گفتگو
ٹنڈو جام ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا دعویٰ ہے کہ حکومت کے پاس نمبرز پورے ہیں جب چاہے ترمیم منظور کروا سکتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینئرسیاستدان ہیں جو آئینی ترامیم میں اپنا نقطہ نظر شامل کرانا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کرچلتی ہے مولانا کا کوئی مسودہ ہے تو اسے بھی شامل کرنا چاہیئے کیوں کہ ترمیم تو ضرور ہوگی، مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں، ہمیں امید ہے وہ آئینی ترمیم میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کا بانی جیل میں بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کر نے کی کوشش کر رہا ہے اور عدلیہ کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے، یہ وہی ہے جو مولانا فضل الرحمان کیلئے غلیظ گفتگو کرتا تھا، مولانا نے ہی کہا تھا عمران خان اسرائیل کا ایجنٹ ہے جو کہ اسرار احمد کے کتاب میں بھی تحریر ہے، اسرائیل کے جریدے میں جو عمران خان کے متعلق مضمون شایع ہوا ہے وہ سب کچھ ظاہر کرتا ہے، عمران خان ایک پلانٹڈ شخص ہے جو پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے وقت ن لیگ نہیں مانی تھی لیکن اب وہ سمجھ گئے ہیں کہ آئین ترمیم ضروری ہے، ہم نہیں چاہتے اس ملک کے نظام کو یرغمال بنائیں، پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، ہر سیاسی جماعت نے آئینی ترمیم پر تجاویز دی ہیں، پیپلزپارٹی کا مسودہ مسلم لیگ ن سے الگ ہے اور ہم ان کو اپنی تجاویز بھجیں گے، پیپلز پارٹی کہتی ہے سب متفق ہو کر چیزوں کو آگے لے کر جائیں۔