پی ٹی آئی کارکنوں پر شیلنگ کیخلاف خیبرپختونخواہ حکومت کا قانونی کارروائی کا فیصلہ

پُرامن کارکنوں پر اس طرح شیلنگ اور فائرنگ کہاں کا قانون ہے؟ کیا پر امن احتجاج کرنا ہمارا حق نہیں تھا؟ ایڈووکیٹ جنرل سے قانونی کارروائی سے متعلق کہا جائے گا۔ صوبائی مشیراطلاعات بیرسٹر سیف کا بیان

پشاور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر شیلنگ کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے ایک بیان میں مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت نے کل ماڈل ٹاؤن جیسے سانحے کا پروگرام بنایا تھا، گزشتہ روز کارکنان پر سیدھی سیدھی گولیاں چلائی گئیں، راولپنڈی شہر اور موٹروے مقبوضہ کشمیر کا منظر پیش کر رہے تھے، کل پی ٹی آئی کارکنوں پر براہ راست شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، شیلنگ پر صوبائی حکومت عدالت جائے گی، ایڈووکیٹ جنرل کے پی سے قانونی کارروائی سے متعلق کہا جائے گا۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا ہے کہ ایک جعلی راجکماری کی حکمرانی میں پی ٹی آئی خواتین پر شیلنگ کی گئی، پُرامن کارکنوں پر اس طرح شیلنگ اور فائرنگ کہاں کا قانون ہے؟ کیا پر امن احتجاج کرنا ہمارا حق نہیں تھا؟ قانون کی پاسداری کوئی خیبرپختونخواہ حکومت سے سیکھے، کل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جس طرح پنجاب پولیس اہلکاروں کو محفوظ بنایا سب کے سامنے ہے، اسی طرح پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان خراج تحسین کی مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دلیر کارکنان نے بدترین فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، بدترین مارشل لاء میں بھی اس طرح کی فسطائیت نہیں ہوتی، جعلی حکومت فسطائیت کے ریکارڈ توڑ رہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کو کامیاب احتجاج ریکارڈ کرانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مریم نواز تیاری پکڑیں، اگلے ہفتے علی امین گنڈاپور پھر پنجاب آ کر احتجاج ریکارڈ کریں گے۔