اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا
کوئٹہ ( نیوز ڈیسک ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے 20 سے زائد مزدور اغواء کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر گیس کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد 20 سے زائد مزدوروں کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ادھر بلوچستان میں پنجگور کے علاقے خدا بادان میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا جا رہا ہے اور تمام ہی افراد پنجگورکےعلاقےمیں مزدوری کرتے تھے، جن کی لاشوں اور زخمی کو پنجگور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق افراد کی شناختجاں بحق ہونے والوں میں ساجد ولد اللہ بخش، فیاض ولد اللہ دتہ، خالد ولد فدا حسین، شفیق ولد فیض بخش، افتخار ولد اقبال سلمان ولد فیاض اور بلال ولد شوکت کے ناموں سے ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا باداں میں مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں، یہ معصوم اور بے گناہ مزدور خدا باداں پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے،محنت کشوں اور مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے مقتولین کی بلندی درجات کی دعا کی، مقتولین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعظم نے فائرنگ کےنتیجے میں زخمی ہونے والے مزدوروں کی جلد صحت یابی کی دعااور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ، وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا ہے، دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت دونوں میں دیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا ہے، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے ، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔