علی امین گنڈا پور کا گولی چلانے کا اعلان ناکامی کا اعتراف ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے۔ عطا اللہ تارڑ کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی نو مئی دہرانے کا اعلان ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ہے، انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی بہتری کے میدان میں مقابلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، خیبرپختونخوا میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی، اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی۔

انہوں نے کہا کہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال اور درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے، صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں۔