راولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی کا احتجاج مسترد کر دیا، مریم اورنگزیب

عوام مریم نواز پر اعتماد کرتے ہیں اور اپنی وزیرِ اعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر کا بیان

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی کا احتجاج مسترد کردیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کا جلسہ لاہور میں مسترد اور راولپنڈی کا جلسہ راولپنڈی کے لوگوں نے مسترد کر دیا، کیوں کہ عوام مریم نواز پر اعتماد کرتے ہیں اور وہ اپنی وزیرِاعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، اس لیے عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا اور ابھی تو آغاز ہے۔
اسی طرح وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جیل میں بیٹھا فسادی اور بہروپیا جو چاہتا ہے وہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہوگا، فتنہ گروپ کو راولپنڈی میں فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی، صوابی میں گنڈاپورکی کرین، فائربریگیڈ اور ایمبولینس تیارہے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور راولپنڈی پر یلغار کرنے آرہے ہیں، انسانی حقوق کے نام پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے والی ہائیکورٹ کو سوچنا چاہیئے کہ ایک وزیراعلیٰ AK47 کے ساتھ حملے کرتا ہے، یہ لوگ توڑ پھوڑ اور آگ لگاتے ہیں، علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ پنجاب سے عقل لے لو، صرف گن لہرا لہرا کر کچھ نہیں ہوتا کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دو جو تم نے کیا ہو۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کسی نے آج قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آج کسی نے امن امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، کسی نے سڑک بند کی، کسی نے رکاوٹیں لگائیں تو ان کے خلاف ایکشن کے لیے رینجرز تعینات کردی گئی ہے، فتنہ گروپ احتجاج کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے، جس کے لیے گنڈاپور صوابی سے لشکر لے کر آرہا ہے، ان کو مشورہ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، راولپنڈی میں کسی نے قانون توڑا تو سخت ایکشن ہوگا۔