پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی قیادت میں آنے والے قافلوں پر شدید شیلنگ کی گئی، ہزارہ ایکسپریس وے پر بھی پولیس نے شیلنگ شروع کردی
اٹک/راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخواہ کو پنجاب سے ملانے والے اٹک پُل پر پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ شروع کردی گئی۔ ہکلہ حسن ابدال کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کر کے منتشر کیا جا رہا ہے، اسی طرح کامرہ میں پی ٹی آئی قافلوں پر پنجاب پولیس کی شیلنگ کی گئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی قیادت میں آنے والے قافلوں پر بھی شدید شیلنگ کی گئی، ہزارہ ایکسپریس وے پر بھی پولیس کی شیلنگ جاری رہی، دوسری طرف لیاقت باغ سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوچکی ہیں اور اب تک چند پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے درباری وزراء کے چیلنج کے بعد دوسری بار اٹک پل کراس کرلیا، برہان کے مقام پر شیلنگ کرکے قافلے کو منتشر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، تاہم کنٹینرز ہٹاکر قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔
پی ٹی آئی رہنماء شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شیلنگ کی جا رہی ہے لیکن لوگ نہیں ہٹ رہے، عزم اور حوصلے بلند ہیں پر امن احتجاج کے لیے نکلے ہیں، یہ کوشش کرلیں ہمیں نہیں روک سکتے، علی امین گنڈاپور صاحب کی قیادت میں بہت بڑا قافلہ راولپنڈی جائے گا، ہم ہر رکاوٹ عبور کریں گے۔
سابق صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا نے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان نے لیاقت باغ کا کہا تھا تو وہیں جائیں گے، احتجاج آج بھی ہوگا اور تب تک جاری رہے گا جب تک اس ملک کو ٹھیک نہیں کر لیتے، اگر کسی کا خیال ہے کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھ کر یہ ملک ٹھیک ہو جائے گا تو یہ ممکن نہیں ہے۔