چیف جسٹس اب 63 اے کے پیچھے پڑ گیا ہے تاکہ فلور کراسنگ کو جائز قرار دیا جاسکے اور انہیں توسیع مل سکے، تھرڈ امپائر بھی توسیع چاہتا ہے اس کیلئے اسے پی ڈی ایم کی ضرورت ہے، کل ہم لیاقت باغ میں بھرپور احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ توسیع کے مفاد میں پی ٹی آئی کو کرش کر رہا ہے، چیف جسٹس اب 63 اے کے پیچھے پڑ گیا ہے تاکہ فلور کراسنگ کو جائز قرار دیا جاسکے اور انہیں توسیع مل سکے، تھرڈ امپائر بھی توسیع چاہتا ہے اس کیلئے اسے پی ڈی ایم کی ضرورت ہے، کل ہم لیاقت باغ میں بھرپور احتجاج کریں گے ، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف نے مزید کہا کہ قوم کو اب پاکستان کیلئے باہر نکلنا پڑے گا۔
قوم اور نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ اپنے ملک اور مستقبل کیلئے نکلیں۔ دنیا کے کسی چیف جسٹس نے ایسا نہیں کیا جو پاکستان کا چیف جسٹس کررہا ہے قاضی فائز عیسیٰ جیسی حرکتیں کررہا ہے مجھے وہ ذہنی طور پر تندرست نہیں لگتا۔
یہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ تین ایمپائرز اور تین کھلاڑی ہیں چوتھا ان کے ساتھ پی ڈی ایم ملی ہوئی ہے ان سب کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس نے ٹریبونلز کی بجائے الیکشن کمیشن کے امپائرز کا فیصلہ کروا دیا تاکہ دو تہائی اکثریت حکومت کو دی جا سکے۔قاضی فائز عیسیٰ نے پہلے سے ہی توسیع کا منصوبہ بنا رکھا تھا ہمارا انتخابی نشان لینے کا چیف جسٹس کا فیصلہ جانب دارانہ تھا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے میں یہ واضح کر دیا ہے چیف جسٹس نے پہلے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا اب یہ پی ٹی آئی کی نشستیں چھیننا شروع ہوگیا ہے۔
ان لوگوں کو پاور میں رہنے کیلئے ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ اپنے اقتدارکیلئے یہ سپریم کورٹ قانون کی بالادستی اور جمہوریت ملک کے نظام کو تباہ کر رہے ہیں۔ ملک تباہ ہوتا ہے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ان سب کی جائیدادیں اور پیسہ باہر ہے قوم ایک ایک ڈالر کی بھیک مانگ رہی ہے۔ یہ اپنی ذات کیلئے ملک کو تباہ کر رہے ہیں انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ملک میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیں راولپنڈی میں جلسے کیلئے این او سی نہیں دینا مگر ہم احتجاج کریں گے اوراگرانہوں نے ہمیں این او سی دیا بھی تو ہمیں شہر سے باہر بھیج دینا ہے اور 6 بجے کا وقت دے کر سڑکیں بلاک کر دینی ہیں۔ ہم اسلام آباد اور مینار پاکستان پر بھی احتجاج کریں گے۔
10 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ ایس آئی ایف سی کو سرمایہ کاری کیلئے بنایا گیا تھا مگر پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے یہ لوگ صرف اپنے مفاد کیلئے ملک کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ جس دن الیکشن فراڈ کھلا اس پر آرٹیکل چھ لگے گا چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں دونوں کا مفاد توسیع میں ہے اگر چیف جسٹس بے قصور تھا تو پنڈی کے کمشنر کے بیان کے بعد اسے کیوں نہیں بلایا؟ چیف جسٹس راولپنڈی کے کمشنر کے اغوا پر بات نہیں کرتا کیونکہ اس کا نام بھی بیچ میں آئیگا ہے بتایا جائے کس ملک میں کمشنر کو اغوا کیا جاتا ہے؟۔
ن لیگ اور پیپلز پارٹی فیملی جماعتیں ہیں ان کے پارٹی الیکشن کو کوئی نہیں پوچھتا ہمارے تین پارٹی انتخابات کالعدم کر دیئے گئے۔