معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالوں کو شکست ہوئی: آرمی چیف

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عمائدین نے شرکت کی، آئی ٹی پارک نوجوانوں کو اس شعبے میں معیاری تربیت فراہم کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شرکاء تقریب نے مثبت معاشی اشاریوں کیلئے ایس آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کی، آرمی چیف نے تمام اقدامات کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو اجتماعی کوششوں سے شکست ہوئی ہے، اس طرح کے منصوبوں کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی بات چیت کی، آرمی چیف نے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کیلئے آئی ٹی ڈومین کی اہمیت پر زور دیا۔