راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف خیبرپختونخوا کے عوام کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشتگردی آپریشن سمیت علاقے میں مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اپنے دورہ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فوجی افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی، آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ تیاری اور مثالی جذبے کو سراہا اور دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم ارادوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حمایت پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں مختلف منصوبوں کیلئے عوام کے تعاون کو بھی سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں، خصوصاً کے پی پولیس سے تعاون جاری رکھے گی، اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔