مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم
لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیر متزلزل ہے، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز قائم ہوں گی۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ بنے گا۔
تحصیل کی سطح پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ غیر منقولہ تجاوزات کے مستقل خاتمے کیلئے تحصیل کی سطح پر کارروائی جاری رکھی جائے گی، تحصیل کی سطح پر چار متعلقہ فورمز پر فیصلے کیلئے ٹائم لائن مقرر ہو گی۔
تجاوزات کو ہٹا کر گلیاں اور بازار وسیع کئے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیئرنگ آفیسر تحصیل کی سطح پر اپیل سن کر فیصلہ دے گا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی مہنگائی کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرے گی۔ تحصیل میں انفورسمنٹ افسر سمیت 40 اہلکار اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ اور کارروائی کریں گے۔ عوام کی شکایات پر بھی گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائی ممکن ہو گی۔
دریں اثناء پنجاب میں پہلا اور سب سے بڑا سٹیٹ آف دی آرٹ الیکٹرک بس ڈپو بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔الیکٹرک بسوں کیلئے گرین ڈپو بنایا جائے گا، بس ڈپو میں گرین انرجی کو ترجیح دیتے ہوئے مکمل طور پر سولرائزیشن کی جائیگی، بس ڈپو میں سولرائزیشن سے ایک میگاواٹ تک بجلی پیدا ہو گی۔گرین ڈپو میں الیکٹرک بسوں کیلئے جدید ترین چارجنگ انفراسٹرکچر مہیا کیا جائیگا۔
گرین بس ڈپو 27 کنال پر مشتمل ہو گا جبکہ اس میں بیک وقت 64 بسیں کھڑی اور چارج ہو سکیں گی۔ ڈپو میں بسوں کیلئے واشنگ بے اور سروس کیلئے بھی جگہ وقف کی گئی ہے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے پہلے مرحلے میں لاہور میں جلد 27 الیکٹرک بسیں چلانے جا رہے ہیں۔ ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ منصوبہ سموگ کے تدارک میں معاون ثابت ہو گا۔