پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہوگئی ہے، آئی ٹی برآمدات اب 300ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہوگئی ہیں جو برآمدی شعبے کیلئے اچھی خبر ہے، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر26ماہ کی بلند ترین سطح پر کھڑے ہیں،پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرخزانہ نے ملکی معیشت کی تازہ صورتحال اور معاشی استحکام سے آگاہ کیا، وزیرخزانہ نے معاشی اشاریوں میں نمایا ں بہتری سے آگاہ کیا،پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے، غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر26ماہ کی بلند ترین سطح پر کھڑے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں ترسیلات زر کی مضبوطی اور تسلسل کا کردار نمایاں ہے۔
آئی ٹی برآمدات اب 300ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہوگئی۔ 300ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر ہمارے برآمدی شعبے کیلئے اچھی خبر ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئندہ ہے۔
مزید برآں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کی یقین دہانیوں کے بعد آئی ایم ایف نے اجلاس بلا لیا ہے، آئی ایم ایف ہمیں قسطوں میں رقم فراہم کریگا جس کیلئے شرا ئط کو پورا کرنا ہوگا، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا پروگرام ہے اور پاکستان کی مجموعی ضروریات 12 ارب ڈالر کی ہیں،وفاقی وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک نے عالمی مالیاتی فنڈ کوپاکستان کا قرض رول اوور کرنے کا بتادیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل پاور سیکٹر اصلاحات ہیں۔آئی ایم ایف قرض کے علاوہ 5 ارب ڈالر اضافی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی، آئی ایم ایف 5 ارب ڈالر دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے حصول میں مدد دےگا۔آئی ایم ایف قرض کی ساری رقم یک مشت نہیں دے گا ۔ وزیر مملکت علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کریں گے تو قسط جاری ہوگی۔ آئندہ چار سال میں 100 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنا ہے۔