لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تو جلسے کو احتجاج میں بد ل دیں گے، عمران خان

سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کیلئے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ڈپٹی کمشنرلاہور نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے،بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تو جلسے کو احتجاج میں بد ل دیں گے، سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کیلئے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے،اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آج لکیر کے ایک طرف جمہوریت اور دوسری طرف بوٹ کو عزت دینے والے ہیں۔
8 فروری کے الیکشن میں واضح ہوگیا تھا کہ قوم کہاں کھڑی ہے، قوم ایک طرف کھڑی ہے اور چھوٹا سا صاحب اقتدار طبقہ جمہوریت اور سپریم کورٹ کو اپنے اقتدار کیلئے تباہ کررہے ہیں۔ لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا۔
ہمیں الیکشن سے پہلے بھی جلسہ نہیں کرنے دیا گیا اور اب بھی روکا جا رہا ہے۔عمران خان کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ سٹیبلشمنٹ نے اسلام آباد کا جلسہ کرنے کی گارنٹی دی تھی۔

پاکستان کا حوالہ دیا گیا جس پر ہم نے جلسہ ملتوی کیا۔ گارنٹی کے باوجود اسلام آباد کے جلسے میں کنٹینرز لگائے گئے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ دنیا میں کیا کبھی کسی نے جلسہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے؟۔سابق وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ پرویز مشرف کا الیکشن ان کے مقابلے میں فری اینڈ فیئر تھا۔ مشرف نے بھی میڈیا اور جلسوں پر پابندی نہیں لگائی۔
قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ان کی جو بھی درخواستیں ہیں وہ سنی جارہی ہیں اور ہماری مسترد ہو رہی ہیں۔ قاضی فائز عیسیٰ الیکشن کا ہرکیس اپنے پاس لے لیتے ہیں حالانکہ ان کی بیوی نے میرے خلاف باتیں کیں ان کو تو ہمارے کیسز سے خود کو الگ کر لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کی بات اس لئے کرتا ہوں کیونکہ آج بھی ملک میں وہی حالات ہیں۔
ملک کے یہ حالات مشرف اور ضیاءالحق کے دور میں بھی نہیں تھے۔ یحییٰ خان نے اپنی ذات اور اقتدار کیلئے مجیب کے خلاف ایکشن لیا۔عمران خان نے کہا کہ انتخابات ایڈمنسٹریٹیو ہی ہوتے ہیں۔کمشنر کے بیان پر تفتیش تو ہونا چاہیے تھی یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ غلط ہوں۔ لیکن ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ قاضی فائر عیسی ان کے ساتھ ملا ہوا تھا۔ فراڈ کو کور کرنے کیلئے امپائر کو ساتھ ملا کر یہ سب کیا جارہا ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جو اتنی بری طرح بے نقاب ہوئی ہے۔ جو یہ کررہے ہیں جمہوریت کی تباہی نہیں تو اور کیا ہے۔